کراچی:لاہور موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کے واقعے پر مبنی شارٹ فلم ”اب بس“ میں دئیے گئے مضبوط پیغام نے لوگوں کو جذباتی کردیا تاہم یوٹیوب پر یہ مختصر فلم لوگوں میں بیحد پسند کی جارہی ہے۔
دوماہ قبل لاہور موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کے سانحے نے جہاں پورے پاکستان کو جھنجھوڑکر رکھ دیاتھا‘ وہیں اس واقعے نے خواتین کے تحفظ سے متعلق کئی سوالات کھڑے کردئیے کہ کیا ہمارے ملک میں اکیلی عورت بالکل محفوظ نہیں۔
ان تمام سوالوں کو اُجاگر کرتی مختصر فلم ”اب بس“ یوٹیوب پر ریلیز کی گئی ہے۔ فلم میں ”صنم سعید“نے مایا کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے فلم میں ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کیا ہے جسے کسی ایمرجنسی کی وجہ سے اپنی بیٹی کے ساتھ اکیلے رات میں سفر کیلئے نکلنا پڑتا ہے۔ لیکن سفر کیلئے نکلنے سے پہلے وہ اپنے تحفظ کیلئے کیا کیا تیاریاں کرتی ہیں یہی اس فلم کی اصل کہانی ہے۔
فلم کے آخر میں نہایت مضبوط پیغام دیا گیا ہے”اکیلی عورت ذمہ داری ہوتی ہے موقع نہیں“ اس پیغام کو لوگوں میں بیحد پسند کیا جارہا ہے اور لوگ ہدایتکار محسن طلعت کی کاؤش کو بہت سراہ رہے ہیں۔ فلم ”اب بس“ کو یوٹیوب پر اب تک ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔