وینا ملک کوسابق شوہرکا 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس

سابق اداکارہ و میزبان وینا ملک کے سابق شوہر اسد خٹک نے وینا ملک کو ان کے دونوں بچے غیر قانونی طریقے سے متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل کرنے پر50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے۔

اسد خٹک نے گزشتہ روز ٹوئٹرپروینا ملک پران کے بچے غیرقانونی طریقے سے پاکستان اسمگل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا بچوں کی خاطر ہر چیز برداشت کی لیکن اب وقت آگیا ہے اس شرمناک عورت کی اصلیت سب کے سامنے لائی جائے۔
اسد خٹک نے سلسلہ وارٹوئٹس میں کہا بہت سوچا لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، میری خاموشی کو بزدلی سمجھا گیا۔ مجھے امید ہے کہ ایک باپ کو انصاف ملے گا کیونکہ اللہ کے ہاں دیرہے اندھیر نہیں۔ جس اذیت سے میں گزررہا ہوں کسی کو جواب دینا ہوگا۔ میں نے وینا ملک کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

اسد خٹک نے کہا بہت بڑے نامور لوگوں اور علما کے کہنے پر زبان بند رکھی، بچوں کی خاطر ہر چیز برداشت کی۔ میں آج سوشل میڈیا کے توسط سے ہراتھارٹی سے درخواست کرتا ہوں، مجھے انصاف دلوائیں۔ مجھے میرے بچے لوٹا دیں۔

اسد خٹک نے مزید کہا وینا ملک نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باجود نہ مجھے اپنے بچوں سے ملنے دیا ہے اور نہ بات کرنے دے رہی ہے۔ تنگ آکرمجھے قانونی راستہ اپنانا بڑا اور دبئی کورٹ نے بھی میرے حق میں فیصلہ کیا، لیکن وینا فرارہوگئیں اوربچے متحدہ عرب امارات سے پاکستان بھیج دیئے۔