لاہور: پاکستان کے مقبول ڈرامہ سیریل ”عہد وفا“ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے احد رضا میر کی فوجی ڈریس کی تصاویر کو بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے شیئر کرتے ہوئے انہیں پاک فوج کا کپتان صابر خان لکھا اور دعویٰ کیا کہ بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں اشتعال انگیزی کرکے پاکستانی فوج کے کپتان کو شہید کردیا۔
سب سے پہلے وکرانت سنگھ نامی ٹوئٹر صارف نے احد رضا میر کے ڈرامے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں پاک فوج کا کپتان قرار دیا۔
وکرانت سنگھ کی جانب سے مذکورہ ٹوئٹ کیے جانے کے بعد اگرچہ بعض بھارتی صارفین نے بھی احد رضا میر کی مذکورہ تصویر کو ٹوئٹ کرتیہوئے شیئر کیا مگر پھر پاکستانی صارفین نے انہیں سچ بتایا کہ دراصل وہ ایک ڈرامے کا کردار ہے۔
ساتھ ہی پاکستانی ٹوئٹر صارفین نے بھارتی صارفین کو یاد دلایا کہ ان کی فوج صرف فلموں اور ڈراموں میں ہی دلیر ہوتی ہے، حقیقت میں وہ کچھ نہیں کرسکتی۔
بعض صارفین نے بولی وڈ فلموں میں بھارتی فوجیوں کے کردار ادا کرنے والے اداکاروں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بھارتیوں کو جواب دیاکہ فائرنگ میں چار بھارتی کپتان بھی مارے گئے۔
ایک صارف نے بھارتی صارفین کو مزاحیہ جواب دیتے ہوئے لکھا کہ کپتان صابر کی شہادت کے بعد ہم نے بستی ملوک سے کپتان گلزار کو شہید صابر خان کا بدلہ لینے کے لیے بھیج دیا ہے۔
تاہم کئی پاکستانی صارفین نے بھارتی صارفین کی ٹوئٹ پر مزاحیہ ٹوئٹس بھی کیں اور احد رضا میر کی سجل علی سمیت دیگر خواتین کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جی ہاں، اب بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستانی فوجی کپتان جنت میں حوروں کے ساتھ لمحات گزار رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی فوج نے 13 نومبر کو آزاد کشمیر کے علاقے وادی نیلم میں اشتعال انگیزی کی تھی۔