کراچی: اداکار شمعون عباسی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے انہوں نے فلم انڈسٹری کو ترقی دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران شمعون عباسی نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان تحریک انصاف کو بطور سیاستدان جوائن نہیں کیا بلکہ میں نے میڈیا انڈسٹری کو مزید ترقی دینے اور اس کی بحالی کے لیے جوائن کیا ہے۔
شوبز انڈسٹری کے حوالے سے ہم نے کچھ نئی پالیسیاں بنائیں اور انہیں حکومت کو بھیجا جنہیں حکومت نے قبول کرلیا اور ان پر عمل درآمد بھی شروع کردیا ہے۔ شمعون عباسی نے وزیراعظم عمران خان کا انہیں سپورٹ کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا۔
شمعون عباسی نے شوبز انڈسٹری کے لیے بنائی جانے والی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری انڈسٹری میں قوائد و ضوابط کی ضرورت ہے چونکہ یہاں کوئی باضابطہ معاہدے نہیں ہوتے لہذا ادائیگیوں کے بہت سارے معاملات پیدا ہوتے ہیں۔ ہم اسے قانونی مسئلہ بنائیں گے۔
اس مسئلے کو دیکھنے کے لیے ایک شعبہ بنایاجارہا ہے جو بغیر نوٹس سیٹس کا دورہ کرے گا اور اس بات کی یقینی بنائے گا کہ ہر جگہ کام پیشہ ورانہ طور پر ہورہا ہے۔ اگر کوئی پروڈیوسر کسی کو بغیر معاہدے کے ملازمت پررکھتا ہے تو اس سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
شمعون عباسی نے اداکاروں، پروڈیوسرز اور تکنیکی ماہرین پر مشتمل منعقد ہونیوالے اجلاس کے باریمیں بات کرتے ہوئے کہا اس اجلاس میں ہر ایک نے اپنے تحفظات اور شکایات درج کرائیں۔
شوبز انڈسٹری میں جو سب سے عام شکایت سامنے آئیں وہ پیسوں کی ادائیگی وقت پر نہ ہونا یا پھر اداکار نے پیسے لیے اور پھر پروڈیوسر کو درمیان میں ہی لٹکادیا اس طرح کی شکایات سامنے آئیں۔ لہذا ان چیزوں کو سب سے پہلے دیکھنے اور ایک موثر نظام بنانے کی ضرورت ہے۔
شمعون عباسی نے بتایا کہ انہوں نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ وہ کچھ منصوبوں پر سرمایہ کاری کریں، روایت، ثقافت، اسپورٹسم مذہب یا تاریخ جس منصوبے پر چاہیں فنڈز مہیا کریں۔ انہون نے اپنی بات میں اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ سینما کی بحالی کے لیے نئی اور تازہ دم کہانیوں کی ضرورت ہے۔
شمعون عباسی نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم (اسٹریمنگ ویب سائٹس) کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مقامی مواد کو فروغ دینے کے لیے او ٹی ٹی پلیٹ فارم استعمال کرنے کی ضرورت ہے (جہاں انٹرنیٹ کے ذریعے اپنا مواد لوگوں کو دکھاجاتا ہے)۔
شمعون عباسی نے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کی مثال دیتے ہوئے کہا ہمارے بہت سے باصلاحیت اداکاروں کی خدمات باہر کے ممالک میں حاصل کی جارہی ہیں اور یہ ہمارے لیے شرم کی بات ہے کہ ہم انہیں کوئی ایسا مقامی پلیٹ فارم مہیا نہیں کرپارہے جہاں وہ اپنا ٹیلنٹ دکھا سکیں۔
شمعون عباسی نے بھارتی ویب سیریز ”مرزا پور“ا ور ”گینگ آف واسع پور“ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا مواد ہمارے یہاں بھی پسند کیا جاتا ہے۔ لیکن ہم نے کبھی نہیں سوچا کہ اگر کبھی ہم ایسا مواد تیار کریں تو ہم اسے کہاں دکھائیں گے کیونکہ اسے ریلیز کرنے کے لیے ٹی وی آپشن نہیں ہے