دبئی: مقبول بھارتی گلوکار سونونگم نے کہا ہے میری خواہش ہے میرا بیٹا بھارت جیسے ملک میں سنگر نہ بنے۔
بھارت میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو کے مطابق سونونگم نے کہا کہ میرا بیٹا اگر گلوکار بننا چاہے تو میری خواہش ہے کہ کم از کم وہ بھارت جیسے ملک میں گلوکار نہ بنے، ویسے بھی وہ اب بھارت میں نہیں رہتا بلکہ دبئی میں رہتا ہے اور میں خود بھی یہاں منتقل ہوچکا ہوں۔
سونگم نے یہ بھی کہا کہ میرا بیٹا نیوان نگم پیدائشی طور پر گلوکار ہے لیکن اسے اپنی زندگی میں کسی اور کاموں میں دلچسپی ہے، وہ مشہور گیم ’فارتھ نائٹ‘ کا بہترین کھلاڑی ہے اور اس کا شمار متحدہ عرب امارات کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، وہ لازوال صلاحیتوں سے بھرپور بچہ ہے اسی لیے میں اسے بتانا نہیں چاہتا کہ اسے اپنی زندگی میں کیا کرنا ہے، دیکھتے ہیں کہ وہ خود اپنے لیے کیا کرتا ہے۔
واضح رہے کہ سونونگم کی بھارتی میوزک انڈسٹری سے ناراضی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کیوں کہ کچھ ماہ قبل سونونگم نے اپنی ہی میوزک انڈسٹری کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹی سیریز کے بھوشن کمار میوزک انڈسٹری کا مافیا ہے، وہ میرے خلاف لوگوں کو لکھنے کا کہتے ہیں یہاں تک کہ دیگر گلوکاروں کو میری مخالفت میں انٹرویو دینے کا کہتے ہیں۔