پشاور:ہندکو‘ پشتو اور اردو ڈراموں کے معروف ٹی وی اداکار ناجی خان انتقال کر گئے‘ ان کا جنازہ گزشتہ روزاسلام آباد میں ادا کیا گیا۔
ناجی خان نے اپنے فنی سفر میں کئی لا تعداد ہندکو‘اردو‘ پشتو‘ سرائیکی اور دیگر زبانوں کے ڈراموں میں کام کرکے نہ صرف ملک گیر بلکہ عالمی سطح پر بھی نام کمایا‘ ان کا شمار پشاور ٹیلی ویژن کے بانی فنکاروں میں ہوتا ہے۔
جب پشاور ٹیلی ویژن سنٹر سے نشریات کا آغاز ہوا تو ناجی خان نے اپنے دیگر ساتھیوں عشرت عباس‘ صلاح الدین‘ نجیب اللہ انجم‘ رشیدناز‘ فردوس جمال‘ احمد سجاد اور صمد شاد کے ساتھ پشاور سنٹر کواپنے فن کے ذریعے ایک الگ پہچان دی۔
ناجی خان نے اداکاری کو بطور پارٹ ٹائم جاب اپنایا‘ وہ اپنا ادویات کا بزنس چلاتے تھے‘ تاہم وہ گزشتہ کئی برس سے اسلام آباد میں اپنی فیملی کے ساتھ مقیم تھے اور شوبز انڈسٹری سے مکمل کنارہ کشی کرلی تھی۔
ناجی خان نے 2500 سے زائد ہندکو‘ اردو اورپشتو ڈراموں میں کام کیا جوریڈیو اورٹی وی پر پیش کئے گئے‘انہوں نے ہر قسم کا کردار ادا کیا خصوصا ًولن کے کردار میں ان کا اپنا سٹائل تھا۔
ناجی خان کے والد بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ تھے‘ڈراموں کے حوالے سے ان کا بھی بڑا نام تھا‘ پشاور ٹیلی ویژن سے پشتو اور ہندکو میں پیش کئے جانے والے کئی ڈراموں میں ناجی خان نے اپنے والد کیساتھ اکٹھے پرفارم بھی کیا۔
ناجی خان 17 نومبر کو اسلام آباد میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔