میری اور والدہ کی سالگرہ ایک دن ہونا خوش نصیبی ہے‘ عمائمہ ملک

 

لاہور:پاکستان کی معروف سپر ماڈل و اداکارہ عمائمہ ملک نے سوشل میڈیا پر اپنی اور والدہ کی سالگرہ کا دن ایک ہونے پر خوبصورت پوسٹ شیئر کی ہے۔

 اداکارہ نے اپنی 33 ویں سالگرہ منائی‘ عمائمہ ملک کو اْن کے مداحوں سمیت پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات کی جانب سے بھی سالگرہ کی ڈھیر ساری نیک تمنائیں اور مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں۔ 


اداکارہ نے اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹا گرام پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے اپنے فالوورز کو بتایا ہے کہ اْن کی والدہ کی پیدائش کی تاریخ ایک ہی ہے‘ وہ اور اْن کی والدہ ایک ہی دن اپنی سالگرہ مناتی ہیں۔

 عمائمہ ملک کی جانب سے اپنی والدہ کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے‘ تصویر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے اپنی والدہ سے خوبصورت انداز میں محبت کا اظہار کیا ہے۔

 اداکارہ کی جانب سے اپنی والدہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پوسٹ کے کیپشن میں کہنا ہے کہ ”تم ہو تو زندگی ہے‘ تم ہو تو ہر خوشی ہے‘ تم ہو تو میں ہوں“۔

 اپنی پوسٹ میں عمائمہ نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس خوبصورت احساسات کا شکریہ‘ وہ اپنی والدہ کے ساتھ سالگرہ کا دن منانے میں بہت خوشی محسوس کررہی ہیں اور وہ بہت خوش نصیب ہیں۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے آخر میں اپنی والدہ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ”سالگرہ مبارک امی جی“۔

 اداکارہ کی اس پوسٹ پر اْن کے مداحوں کی جانب سے عمائمہ ملک سمیت اْن کی والدہ کو بھی سالگرہ کی مبارکباد دی جا رہی ہے۔