ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار عمران خان نے اداکاری کو خیر باد کہتے ہوئے اب ہدایتکاری میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنست عامر خان کے بھانجے عمران خان نے اپنے فنی کیریئر میں ’جانے تو یا جانے نہ‘، دہلی بیلی، میرے برادر کی دلہن اور آئی ہیٹ لو اسٹوری جیسی کئی متعدد نامور فلمیں کیں۔
وہ 2015 کے بعد سے بڑی اسکرین سے غائب رہے ہیں اور بطور اداکار ان کی آخری فلم 2015 میں ریلیز ہونے والی ’کٹی بٹی‘ تھی لیکن اب پہلی بار ان کے قریبی دوست کی جانب سے اس کی تصدیق کی گئی ہے کہ عمران خان اداکاری چھوڑ چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار عمران خان کے سب سے قریبی دوست اکشے ابرائے نے ایک انٹریو میں کہا کہ بالی ووڈ میں میرا سب سے بہترین دوست عمران ہے جو اداکاری کو مکمل طور پر خیر باد کہ چکا ہے لیکن وہ آج بھی اچھے مصنف اور ہدایتکار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بطور دوست میں یہ بتا سکتا ہوں کہ وہ بہت جلد اپنی فلم میں ہدایتکار کے فرائض انجام دیتے نظر آئیں گے اور یقیناً وہ فلم بہترین ثابت ہوگی کیوں کہ اْن کا سنیما سے متعلق تجربہ بہت زیادہ ہے۔