وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے سندھ کے ضلع جامشورو میں کارروائی کرتے ہوئے فحش ویڈیوز کے ذریعے بچوں کو بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتارکرلیا۔
حکام کے مطابق جامشورو میں یہ کارروائی ایف آئی اے گوجرانوالہ کی جانب سے کی گئی جس میں ملزم شعیب خان گرفتار کرلیاگیا ہے، گجرات کے رہائشی متاثرہ بچے کے والدین نے ملزم کے خلاف درخواست دی تھی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد اقبال کے مطابق ملزم کے قبضے سے متعدد ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں، ملزم آن لائن گیمز، پب جی اور ایٹ بال کے ذریعے بچوں سے دوستی کرتا تھا اور پھر گیمز میں کوئین کا لالچ دیکربچوں سے فحش ویڈیو منگواتا تھا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کاکہنا ہےکہ ملزم نے بعض بچوں سے ان کے گھر والوں کی ویڈیوز بھی منگوائیں، ویڈیوز کے ذریعے ملزم بچوں اوران کی فیملیز کو بلیک میل کرتا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے بچے اور ان کی فیملیز ملزم کا شکاربن چکے ہیں، ملزم کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس سے فحش ویڈیوز فروخت کرنے سے متعلق بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔