7 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے 60سالہ مجرم کو 2 بار عمر قید کی سزا

لاہور: لاہور کی سیشن عدالت  نے 7سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے مجرم کو  2بار عمر قید اور 6لاکھ جرمانہ کی سزا سنا دی۔

عدالت نے 60 سالہ لیاقت نامی شخص پر 7سالہ بچی سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔

 60سالہ شخص کے خلاف 2018میں لاہور کے تھانہ مانگا منڈی میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

پراسیکیوٹر تبسم صوفی نے عدالت کو بتایا کہ مجرم 7سالہ بچی کو مسجد سپارہ پڑھنے کے لیے جاتے ہوئے گلی میں ملا تھا۔ مجرم بچی کو بھلا پھسلا کر مسجد کے واش روم میں لے گیا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پراسیکیوٹرکی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد ایڈیشنل اینڈ سیشن جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے فیصلہ سنادیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق  ڈی این اے رپورٹ میں لیاقت کا جرم ثابت ہوا۔عدالتی فیصلے پر پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ بچی کا والد عارف کیس سے منحرف ہوگیا تھا اور پیروی چھوڑ دی تھی۔ 


ریاست نے خود عدالتی کارروائی چلائی اور مجرم کوسزا دلوائی گئی۔پراسیکیوٹر  تبسم صوفی کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے ڈی این اے رپورٹ کی روشنی میں اور دیگر شواہد کی بنیاد پر مجرم کو سزا سنائی۔