کرک:ضلع کرک کی تحصیل بانڈہ داد شاہ کے علاقہ ٹیری میں مندر اور سمادھی کو مشتعل افراد نے دھاوا بول کر نذرآتش کردیا،پولیس اور ضلعی انتظامیہ بے بس ہوکر تماشہ دیکھتی رہی۔
ٹیری میں ہندوؤں کے مندر میں مزید توسیع کے خلاف احتجاجی جلسہ ٹیری بازار میں منعقد ہوا جس میں علما کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔
جلسے سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے برعکس مندر اور سمادھی کو مزید وسعت دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور مقامی آبادی کے افراد کو کئی گنا زیادہ قیمت کا لالچ دیکر اراضی خریدی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مندر کی مزید توسیع کسی صورت قبول نہیں اس کے لئے آخری حد تک جائیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔
اس کے بعد مشتعل افراد نے مندر پر دھاوا بول دیا مندر کو آگ لگادی اور پہلے سے موجود سمادھی کیساتھ نو تعمیرشدہ عمارت بھی مسمار کردی احتجاج کے باعث کئی گھنٹے تک علاقے کی صورتحال کشیدہ رہی۔
پولیس اور انتظامیہ مشتعل مظاہرین کے سامنے بے بسی کی تصویر بنی رہی جبکہ مشتعل افراد کئی گھنٹے جلاؤ گھیراؤ کے بعد خودبخود منتشر ہوگئے۔
مظاہرین نے کسی بھی قسم کی کاروائی یا مقدمات اندراج کی صورت میں تھانہ ٹیری کے گھیرا ؤ کی دھمکی دی۔
آخری اطلاعات آنے تک پولیس نے کسی کو گرفتارنہیں کیا اور نہ ہی کوئی مقدمہ درج کیا جاسکا۔
مشتعل افراد کے منتشر ہونے کے بعد ریسکیو 1122نے آگ پر قابو پالیا اور پولیس نے مندر کے احاطے کا محاصرہ کر لیا ہے۔