کراچی،خاتون کمسن بیٹی سمیت چوتھی منزل سے کود گئی، مکینوں نے بچی کو تھام لیا، ماں شدید زخمی

کراچی میں خاتون 2سالہ بچی سمیت چوتھی منزل سے کود گئی، نیچے کھڑے لوگوں نے کپڑے کے ذریعے بچی کو تھام لیا جبکہ خاتون شدید زخم ہوگئی۔


کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں خاتون نے چوتھی منزل سے کمسن  بچی کو نیچے پھینک کر خود بھی چھلانگ لگادی۔

پولیس کے مطابق چھلانگ لگانے والی خاتون کو زخمی حالت میں ہسپتالمنتقل کردیا گیاہے، خاتون کی شناخت 35 سالہ مریم اور بچی کی شناخت 2 سالہ ایمان کے نام سے ہوئی ہے۔

گلشن اقبال بلاک 6 میں خاتون کی عمارت سے چھلانگ لگانے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

خاتون نے عمارت کی گیلری سے پہلے بچی کو پھینکا جسے لوگوں نے پکڑ لیا اور بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی، پھر خاتون نے خود بھی چھلانگ لگادی جس کے باعث اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں بتایا ہے کہ خاتون کے اہل خانہ کے مطابق  وہ منشیات کی عادی ہے اور منشیات سے روکنیکے لیے اسے کمرے میں بند کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے پہلے شوہر کا انتقال ہوچکا ہے اور اس کی دوسری شادی ہے۔

دوسری جانب ایک ہمسائے کا کہنا ہے کہ خاتون کومالک مکان نے ایک ماہ کا نوٹس دیا ہوا تھا، ہم نے کبھی خاتون کے شوہر کو نہیں دیکھا،خاتون کے کچھ بچے رشتہ داروں کے پاس رہ رہے ہیں۔

ہمسائے کے مطابق خاتون جب بچی کو پھینک رہی تھی تو ہم گاڑی کا کپڑا کھول کر کھڑے ہوگئے، بچی گاڑی کے کپڑے پر آکر گری اور بچی کوکوئی چوٹ نہیں لگی۔

 خاتون نے چھلانگ لگائی اورتاروں سے الجھتی ہوئی نیچے گری، جس کے باعث اسے کم چوٹ آئی۔