معروف ٹاک شو میزبان لیری کنگ 87 سال کی عمر میں چل بسے

 لاس اینجلس:امریکا سے تعلق رکھنے والے معروف ٹاک شو میزبان لیری کنگ 87 سال کی عمر میں چل بسے۔

لیری کنگ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پرایک پیغام میں اس کی تصدیق کی گئی۔

اس پیغام میں لکھا گیا کہ ہمارے شریک بانی، میزبان اور دوست لیری کنگ 23 جنوری کی صبح لاس اینجلس کے سیڈرز سینائی میڈیکل سینٹر میں 87 سال کی عمر میں چل بسے'۔

امریکی نشریاتی ا دارے سی این این کے مطابق لیری کنگ نے اس چینل میں 25 سال کے دوران 30 ہزار سے زیادہ انٹرویوز کیے۔

اپنے کیریئرکے دوران انہوں نے امریکا کے صدور رچرڈ نکسن سے لے کر ڈونلڈ ٹرمپ کے انٹرویوز یے جبکہ بین الاقوامی شخصیات بھی ان کے شوز کا حصہ بنیں۔

جنوری کے آغاز میں لیری کنگ کے بارے میں رپورٹ سامنے آئی تھی کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

لیری کنگ امریکی ٹیلویژن پر جانی مانی شخصیات میں سے ایک ہیں، وہ اپنی رنگ برنگی ٹائز اور بڑے گلاسز سے پہچانے جاتے ہیں۔


انہوں نے 1974 سے ہر امریکی صدر سے لے کر عالمی رہنماوں یاسر عرفات اور ولادیمیر پیوٹن، سیلیبریٹیز فرینک سیناترا، مارلون برانڈو اور باربرا اسٹریسنڈ کا انٹرویو کیا۔