کنگنا رناوت نے اپنے بہن بھائیوں اور کزنز کیلئے پرتعیش اپارٹمنٹس خرید لئے

بالی ووڈ کوئن کنگنا رناوت نے اپنے بہن بھائیوں اور کزنز کے لیے چار کروڑ روپے (بھارتی روپے) مالیت کی جائیداد خریدی ہے، اس حوالے سے کنگنا کا کہنا تھا کہ خوشیاں اس وقت کئی گنا بڑھ جاتی ہیں جب اسے شیئر (بانٹا) کیا جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے اپنی بہن رنگولی چندل، بھائی اکشت اور دو کزنز کے لیے چار کروڑ روپے کے پرتعیش اپارٹمنٹس چندی گڑھ کے انتہائی پوش علاقے میں خریدے ہیں۔

منگل کو ایک ٹوئٹ میں انھوں نے ان اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ گھر اس وقت زیرتعمیر ہیں اور دو سال میں (2023) تیار ہوجائیں گے۔

کنگنا نے کہا کہ میں دیگر لوگوں کی بھی حوصلہ افزائی کرنا اور ترغیب دینا چاہتی ہوں کہ وہ اپنی دولت اپنے خاندان کے ساتھ شیئر کریں، اور یاد رکھیں خوشیاں اس وقت کئی گنا بڑھ جاتی ہیں جب آپ انھیں بانٹتے ہیں، میں خوش قسمت ہوں کہ میں یہ اپنے خاندان کے لیے کررہی ہوں۔

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق کنگنا ہمیشہ اپنے بہن بھائیوں کی بہت زیادہ مدد کرتی ہیں اور ایسا بار بار ثابت ہوا ہے۔

یاد رہے کہ کنگنا کا اپنا گھر انکے آبائی علاقے منالی میں ہے جبکہ کچھ جائیدادیں ممبئی میں بھی ہیں۔ جبکہ انکا ممبئی آفس گزشتہ برس اس وقت تنازع کی زد میں آگیا تھا جب ممبئی میونسپل کارپوریشن نے غیر قانونی تعمیرات کے الزام میں اسکے کچھ حصے گرادیئے تھے۔