سینیٹ الیکشن: اے این پی نے حاجی ہدایت اللہ خان کو امیدوار نامزد کردیا 

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا نے سینیٹ کے انتخابات میں جنرل نشست پر مرکزی سیکرٹری مالیات اور سابق صوبائی وزیر حاجی ہدایت اللہ خان کو امیدوار نامزد کردیا۔
 
اے این پی خیبرپختونخوا کے پارلیمانی بورڈ نے منظوری دے دی، صوبائی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس چیئرمین ایمل ولی خان کی زیرصدارت منعقد ہوا، تمام اراکین نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری پارلیمانی بورڈ سردارحسین بابک، اراکین ثمرہارون بلور، خادم حسین اور شاہی خان شیرانی بھی شریک تھے۔

اجلاس میں سینٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے ناموں کی جانچ پڑتال کی گئی، عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے مسعود عباس خٹک اور حاجی ہدایت اللہ خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

اراکین نے متفقہ طور پرحاجی ہدایت اللہ خان کو سینٹ انتخابات میں امیدوارنامزد کردیا۔ سیکرٹری پارلیمانی بورڈ سردارحسین بابک نے اس بابت باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا۔