مولانا فضل الرحمان سے اختلاف نہیں،دستور پر عمل کریں ، مولانا گل نصیب خان

 

 چکدرہ : جے یو آئی خیبر پختونخوا کے سابق امیر مولانا گل نصیب خان نے کہا ہے کہ آمریت کسی بھی پارٹی میں قابل قبول نہیں ، ہم دوسری جماعت بنا رہے ہیں اور نہ گروپ بلکہ اسی جماعت کو درست سمت دینگے ، 

 14 فروری کو چکدرہ میں جمعیت علماءاسلام پاکستان کے زیر اہتمام سیرت النبی کانفرنس کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا گل نصیب خان نے کہا کہ ہم جماعت کے اندر جعل سازی اور آمریت کو ختم کرنے جا رہے ہیں اور اس کا آغاز 14 فروری کو چکدرہ سے ہو رہا ہے اور اگلا اجتماع لکی مروت میں منعقد ہوگا ۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیں مولانا فضل الرحمان سے کوئی اختلاف نہیں وہ تیس سال تک امیر رہے اگر بیس سال اور بھی رہے تو کوئی مسئلہ نہیں لیکن دستور کے مطابق ہونا چاہئے ۔ 


ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی میں اب کسی کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ، کامیابی کا معیار قول کا بروقت اور سچ ہونا ضروری ہے ، ہم نے جماعت کو نہیں چھوڑا بلکہ ہم کو غیر دستوری طور پر نکالا گیا ۔

مولانا گل نصیب خان نے کہا کہ جے یو آئی میں مناسب اصلاح کی ضرورت ہے ضلعوں اور صوبے کے اختیارات جو مرکز نے اپنے قبضے میں لے لئے ہیں واپس کرنے کا وقت آگیا ہے ۔