چکدرہ:اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء مولانامحمد خان شیرانی نے کہاہے کہ جے یو آئی ہماری جماعت ہے۔
،کسی اور جماعت میں جارہے ہیں نہ ہی الگ گروپ بنائیں گے،پی ڈی ایم قائدین ان تمام قوانین کے شکنجے میں ہیں جو انہوں نے اپنے دور اقتدار میں مخالفین کو دبوچنے کیلئے بنائے تھے۔
مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاستدان خدمت نہیں تجارت کر رہے ہیں،ایک بھائی ضلعی، دوسرا صوبائی اور تیسرا مرکزی امیر جبکہ انتخابی ٹکٹ بھائی بیٹوں میں بانٹنا کونسی جمہوریت ہیں؟
ایک طرف اسمبلیوں سے استعفوں کا اعلان اور دوسری طرف سینیٹ الیکشن مین حصہ لینا دوغلی سیاست ہے۔
جن قوانین کوآج کالا قرار دیا جا رہا ہے یہ انہی پارلیمنٹ نے پاس کئے ہیں جن میں وہ بیٹھے تھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکدرہ جامعہ دارلعلوم رحمانیہ میں سیرت کانفرنس کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجتماع سے جے یو آئی کے سابق صوبائی امیر و سابق سینیٹرمولانا گل نصیب خان، سابق ایم این اے مولانا شجاع الملک، پیر عالمزیب شاہ،سابق سینیٹراسماعیل بلیدی، مفتی جاوید سمیت کئی دیگر نے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ ہم نے کوئی گروپ نہیں بنایا ہے ہم جمعیت علماء اسلام پاکستان میں رہتے ہوئے اسے درست سمت پر لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جماعت میں موروثیت کے خلاف ہیں جس کی ہمیں سزا دی گئی۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے مفادات کیلئے دستور کو پامال کردیا ہے اور ہم جماعتی دستور کو اصل حالت میں لانے کیلئے جدو جہد کر رہے ہیں۔
مقررین نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان سیاسی بصیرت کھوچکے ہیں انہوں نے پارٹی کو ڈی آئی خان اور اپنے گھر تک محدود کردیاہے ہم نے مولانا فضل الرحمان کاساتھ نہیں چھوڑا بلکہ انہوں نے ہمیں نکال کر پارٹی کاشیرازہ بکھیر دیاہے، ان کے قول وفعل میں تضاد ہے۔