زمین کے تنازع پرقبائلی تصادم ،وانا بازار میں کرفیونافذ

جنوبی وزیرستان میں دو قبیلوں کے درمیان زمین  کے جاری تنازع  نے شدت اختیار کرلی ہے اور دونوں قبائل ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہو گئے ہیں جب کہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے وانا بازار میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں آباد دوتانی اور زلی خیل قبائل کے درمیان  زمین کی ملکیت کے جاری تنازع  نے شدت اختیار کرلی ہے اور دونوں قبائل ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق دونوں جانب سے چھوٹے بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہےاورکچھ علاقوں میں فریقین کی جانب سے ایک دوسروں کے گھروں کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب مقامی انتظامیہ نے  کشیدہ صورت حال کے باعث  وانا بازار میں کرفیونافذ کردیا ہے، اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وانا بازار نہ آئیں۔

پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے جب کہ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے، اس کے علاوہ مقامی انتظامیہ تصادم سے بچنے اور  جاری تنازع کے پر امن حل کیلئے دونوں فریقین سے مذاکرات کررہے ہیں۔