پشاور:پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی نے خیبر پختونخوا میں آنے والے سینٹ انتخابات میں اتحاد کا اعلان کیا ہے
پاکستان تحریک انصاف جنرل نشست پر بلوچستان عوامی پارٹی کے امیداور الحاج تاج محمد آفرید ی جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے 4 ایم پی ایز اقلیت، ٹیکنوکریٹ اور خواتین نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کریگی۔
اس حوالے سے گزشتہ روز وزیر بلدیات اکبر ایوب خان اور معاون خصوصی اطلاعات واعلی تعلیم کامران بنگش نے بلوچستان عوامی پارٹی کے الحاج تاج محمد آفریدی،بلاول آفریدی اور دیگر ایم پی ایز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات واعلی تعلیم کامران بنگش نے کہا کہ سینٹ انتخابات کے لئے بلوچستان عوامی پارٹی سے معاملات طے پائے گئے ہیں خیبر پختونخوا سے اتحادی امیدوار سمیت 6 جنرل نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوں گے۔ دیگر سیاسی پارٹیاں بھی پاکستان تحریک انصاف کیساتھ رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ ڈھائی سال میں اسمبلی کے اندراور باہر بھی اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کااحترام کیا ہے موجودہ حکومت تمام پارٹیوں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبے میں بہترین طرز حکمرانی قائم ہے۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بلاول افریدی اور الحاج تاج محمد افریدی نے بریفنگ نے کہا کہ انکی پارٹی بلوچستان وفاق اور خیبر پختونخوامیں پہلے سے پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی ہے اور آئندہ سینٹ انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کریگی۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کا خصوصی شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کیساتھ کامیاب اتحاد رہا ہے اور آنے والے سینٹ انتخابات میں بھی یہ اتحاد معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت کرنا ہے اور پاکستان تحریک انصاف صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
وزیر بلدیات اکبر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی حوصلہ شکنی کریگی اور اس سلسلے میں اوپن بیلٹ کے خواہاں ہیں۔اوپن بیلٹ ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کا بہترین حل ہے۔
مبینہ ویڈیو سکینڈل کے بارے میں ایک سوال کے جوا ب میں کامران بنگش نے کہا کہ مبینہ ویڈیو سکینڈل کی تحقیقات کے لئے وفاقی سطح پر کمیٹی بنائی گئی ہے خیبر پختونخواحکومت تحقیقاتی کمیٹی کو بھر پور معاونت فراہم کریگی۔