خیبرپختونخوا: پی کے 63 نوشہرہ پر ضمنی انتخابات کل ہوں گے،کانٹے دار مقابلہ متوقع

خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ پر ضمنی انتخابات کل جمعے کے روز منعقد ہوں گے، جس کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ کی  نشست تحریک انصاف کے میاں جمشید الدین کے انتقال سے خالی ہوگئی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے فروری کو ضمنی انتخابات منعقد کرنے کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔
 کل جمعے کے روز ہونے والے انتخابی دنگل میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی ترجمان اختیار ولی خان اور تحریک انصاف کے ٹکٹ پر میاں جمشید الدین کے فرزند میاں عمر اُمیدوار ہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی سے میاں وجاہت مقابلے میں موجود ہے۔ ان کے علاوہ تحریک لبیک کے امیدوار بھی ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

 رپورٹس کے مطابق حلقے کی عوامی رائے کے مطابق اصل کانٹے دار  مقابلہ پاکستان مسلم لیگ کے اختیار ولی اور پاکستان تحریک انصاف کے میاں عمر کے درمیان ہے۔

رپورٹس کے مطابق مقابلے میں موجود امیدواران میں ن لیگ کے اختیار ولی نے سب سے بھرپور طریقے سے اپنی انتخابی کمپین چلائی ہے اور اس کے علاوہ اس نشست پر اختیارولی کو اپوزیشن کی تین جماعتیں پاکستان پیپلز پارٹی، جمیعت علماء اسلام ف اور قومی وطن پارٹی بھی سپورٹ کررہی ہیں تاہم تحریک انصاف کے امیدوار میاں عمر کو سابقہ وزیر اعلی کے پی کے و موجودہ وزیر دفاع پرویز خٹک کی بھرپور حمایت حاصل ہے، جبکہ حلقے میں کئی جگہوں پرعوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بھی مقابلے میں اپنی موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

 دوسری جانب حلقہ کے تمام پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اور حلقہ کے عوام بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔