پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی دارالحکومت پشاورمیں میونسپل خدمات کی موثر اور بہتر انجام دہی کویقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، ڈبلیو ایس ایس پی اور ٹی ایم ایز کی حدود کارکا واضح تعین کرکے اس سلسلے میں اعلامیہ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے ، تاکہ ہر ادارہ اپنی حدود کار میں بہتر معیاری میونسپل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا ذمہ دار ہو۔
ا±نہوںنے متعلقہ حکام کو پشاور میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے ، تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کرنے جبکہ شہراور گردو نواح کے تمام خستہ حال سرکاری سکولوں کی عمارتوں کو دوبارہ تعمیر کرنے کے لئے ایک منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے دیگر اضلاع میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ٹی ایم ایز کو مضبوط بنانے کے لئے بھی ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
وہ جمعرات کوپشاور ریجن کی ترقیاتی سکیموں اور عوامی مسائل کے حوالے سے منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ ضلع پشاور اور نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی کے علاوہ متعلقہ صوبائی محکموں اور وفاقی اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے پیسکو حکام کو بھی آنے والے موسم گرماکے دوران پشاور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو کم سے کم کرنے کیلئے مناسب اقدامات ا±ٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے ٹرانسفارمرز جلنے کی صورت میں 24 گھنٹوں کے اندر نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں 20 نئے کالجز کے قیام کیلئے 22 فروری تک فیزیبیلیٹی کاکنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا جائے گااور رواں سال اپریل کے آخر تک فزبیلٹی مکمل کر لی جائے گی۔
مزید برآںآئس کی روک تھام کیلئے پولیس لائن پشاور میں ایک مخصوص ڈیسک قائم کیا گیا ہے جس کا بنیادی کا م آئس سپلائی کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرنا ہے۔ علاوہ ازیں ضلع میں غیر قانونی طور پر پارکنگ کے مقامات بند کرنے والے پلازوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ہے اورمختلف علاقوں میں 28 پلازوں کا معائنہ کیا گیا ہے، 12 بیسمنٹ پارکنگ کو فعال بنا دیا گیا ہے ، پانچ پلازوں سے عارضی تعمیرات گرائی گئی ہیں اور تین پلازوں کے خلاف قانونی کاروائی شروع کی گئی ہے۔