جنوبی وزیرستان، قبائل کے مابین خونریز تصادم ، 6 جاں بحق، درجنوں زخمی

 وانا:جنوبی وزیر ستان میں وزیر زلی خیل اور دوتانی قبائل کے مابین مسلح تصادم میں اب تک 6 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

جنوبی وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرکنڑہ کے مقام پر زمینی تنازعے میں وزیر زلی خیل اور دوتانی قبائل کے مابین رات بھر سے مسلح تصادم جاری ہے، اور اب تک 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ دونوں قبائل کے مابین زمینی تنازعہ پر سخت لڑائی شروع ہوگئی ہے، اور دونوں اطراف سے چھوٹے وبھاری ہتھیاروں کا آزادنہ استعمال ہورہاہے۔

 دونوں قبائل کے سینکڑوں مسلح افراد مورچہ زن ہوگئے ہیں، اور ایک دوسرے کے مورچوں پر بھاری ہتھیار کا گولہ بھاری ہورہی ہے، جب کہ شیرکانئی کے مقام پر کئی مکانات بھی نذر آتش کردیے گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مذاکراتی جرگے نے فائربندی کی کوشش بھی کی، تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے، آج دوبارہ جرگہ بیھج دیاجائے گا اور امید ہے دونوں قبائل کے مشر معاملے کو افہام و تفہیم کے ساتھ سلجھانے کی کوشش کریں گے۔