مردان ریجن میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف آپریشن کی ہدایت 

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈویژنل انتظامیہ مردان کو ہدایت کی ہے کہ ڈویژن کے تینوں اضلاع مردان، صوابی اور چارسدہ میں زرعی زمینوں کو محفوظ بنانے کے لیے غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیوں اور ہاؤ سنگ سوسائٹیز کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کریں اور  دریاؤں کے کناروں پر قائم انفراسٹرکچرز کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے موثر کاروائی عمل میں لائی جائے۔

 وزیر اعلی ٰنے محکمہ صحت کے حکام کو بھی ہدایت کی ہے کہ مذکورہ تینوں اضلاع میں عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کو مقامی سطح پر فراہم کرنے کے لئے چھوٹے بڑے تمام سرکاری ہسپتالوں میں درکار عملے کی کمی کو پورا کرنے اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھا کر رپورٹ پیش کی جائے۔ 

وزیر اعلیٰ نے ان تینوں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد کریں اور ان کھلی کچہریوں میں متعلقہ ممبران صوبائی اسمبلی  کوضرور مدعو کریں۔

 وہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں مردان ریجن کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور عوامی مسائل سے متعلق منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

 کابینہ اراکین عارف احمد زئی، عبد الکریم، مردان ریجن سے اراکین صوبائی اسمبلی کے علاؤہ سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اجلاس میں کل 49 فیصلے کئے گئے تھے جن میں سے 21 پر سو فیصد عملدرآمد ہو چکا ہے، 22 پر عملدرآمد کی رفتار تسلی بخش ہے جبکہ 6 پر عملدرآمد سست روی کا شکار ہے۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع صوابی  میں چھوٹا لاہور گرڈ اسٹیشن پر تعمیراتی کام مکمل ہے، اسٹیشن پر بجلی کا کام 80 فیصد مکمل ہے جبکہ باقی ماندہ کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔  یونین کونسل تور ڈھیر کو سوئی گیس کی فراہمی کے لیے 21 کلو میٹر ڈسٹری بیوشن لائن بچھا دی گئی ہے جبکہ آئندہ ہفتے سے گیس کے کنکشن لگانا شروع کر دیے جائیں گے۔

صوابی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے اب تک 38 میں سے 33 ہینڈ پمپس تنصیب کر لیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ پمپس پر بھی کام جاری ہے۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو رورل ہیلتھ سنٹر جھنڈا کو گائنی وارڈ کے لیے طبی آلات فراہم کرنے اور وارڈ کو مکمل فعال بنانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور ان میں عوامی نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے تاکہ عوام اور حکومت کے درمیان مربوط روابط قائم و دائم رہیں۔