ملک میں گزشتہ 2 ماہ سے کرونا مثبت کیسز اور اموات کی شرح میں کمی دیکھی گئی تاہم گزشتہ ایک دن میں مزید 64 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ ایک ہزار361 افراد میں کورونا کی تشخیص ہونے سے ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 23 ہزار سے زائد ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 906 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے ایک ہزار361 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 23 ہزار 281 ہوگئی ہے۔ جن میں 1 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 64 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 12 ہزار 777 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 75 ہزار 941 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 39 ہزار888 ہوگئی ہے۔