بےشک کچھ سبزیوں کو کچا کھانے میں ان کا ذائقہ اچھا نہیں لگتا مگر صحت پر ان کے دیرپا اثرات رہتے ہیں، خاص طور پر یہ نظام ہاضمہ کے لیے انتہائی مفید ہوتی ہیں۔ یہ بات بھی مسلّمہ ہے کہ ہاضمہ ٹھیک ہوتا ہے تو صحت بھی ٹھیک رہتی ہے۔
کچی سبزیوں کے فوائد کہیں نہ کہیں ہمارے لاشعور میں ہوتے ہیں تبھی تو پُرتکلف دعوتوں اورمرغ مسلم والی محفلوں میں سلاد کے بغیر ضیافت ادھوری سمجھی جاتی ہے۔ کچی سبزیوں کا سب سے بڑا فائدہ توبہرحال یہ ہے کہ انھیں ایسے ہی کھانے سے غذائیت ضائع نہیں ہوتی، جبکہ انہیں پکانے کے دوران اس بات کا احتمال ہوسکتا ہے۔ آئیں جانتے ہیں کہ کونسی کچی سبزی کتنی فائدہ مند ہے۔
پالک اور چقندر
فولاد چاہئے تو پالک کھائیے لیکن ساتھ ہی آئرن سے بھرپو ر چقندر کھانا بھی نہ بھولیے، اس میں وٹامن سی بھی ہوتا ہے ، جو آپ کی آنتوں کو آئرن بہتر طور پر جذب کرنے میں مدد کرتاہے۔ اگر آپ کو کچے چقندر پسند نہیں تو ا س کے سلائس بنا کر تھوڑا سا نمک اور لیموں کا عرق چھڑک کرایک گھنٹے کیلئے رکھ دیں، چاہیں تو نرم کرنے کیلئے تھوڑا سا پکا لیں اور اس پر پالک کاٹ کر ڈال دیں۔ اس کے بعد کالی مرچ چھڑک کر تناول فرمائیں ، آپ یقیناً اچھا محسوس کریں گے۔
بند گوبھی اور ہری مرچ
آپ ہری یا عنابی گوبھی، ہری مرچ کے ساتھ ملا کر کھاسکتے ہیں۔ گوبھی بہت سارے وٹامن گروپس کا بہتری ذریعہ ہے اور قابل ہضم فائبر ز بھی فراہم کرتی ہے۔ ہری مرچ میں موجود وٹامن سی ، گوبھی سے حاصل ہونےو الے منرلز کو ہضم کرنے کے عمل میں تیزی لاتی ہے۔ اس کے علاوہ ہری مرچ ذائقہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ آپ کو پوٹاشیم، مینگنیز اور دیگر وٹامنز بھی فراہم کرے گی۔
دونوں سبزیوں کے امتزاج کو نمک ، چینی ،لیموں اور ادرک سے آراستہ کرلیں۔ اگر چھوٹی ہر ی مرچ کھاسکتے ہیں تو وہ بھی ملالیں ،ورنہ بڑی مرچ ہی کافی ہے۔
ٹماٹر اور شملہ مرچ
رنگین شملہ مرچ قوت مدافعت بڑھانے والےوٹامنزسے بھرپور ہوتی ہے۔ اسے ایسیڈیٹی دور کرنے والے ٹماٹر کےساتھ ملا کر استعمال کیا جائے تویہ آپ کے جسم کیلئے بے پناہ فائد ہ مند ہوگی۔ ویسے بھی جب آپ رنگ برنگی شملہ مرچوں کو دیکھیں گے تو شاید اپنا ہاتھ روک نہ پائیں۔ آپ انہیں سرکہ کے ساتھ بھی استعمال کرسکتےہیں۔
ٹماٹر اور شملہ مرچوں کے امتزاج میں پریسلے کے تازہ پتے ملا لیں، جو کیلشیم اور وٹامن ڈی سے بھرپور ہوتے ہیں یا ا س کے متبادل کے طورپر تازہ دھنیا چھڑک لیں، جس میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیت ہوتی ہے اور یہ مرچوں سے حاصل شدہ وٹامنز کو مکمل بنا دیتاہے۔
گاجر اور مولی
دونوں سبزیوں کو باریک کاٹ لیں اور ان پر نمک اور لیموں چھڑک لیں۔ مولی کی ترشی کا مداوا گاجر کرے گی۔ اس امتزاج کے ساتھ آپ مولی کے پتے اور ایواکاڈو کے سلائس بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ ایواکاڈو آپ کو اومیگا تھری فیٹی ایسڈ فراہم کرتاہے، جوقدرتی غذائوں سےبمشکل حاصل ہوتا ہے۔ مولی کی ہاضمہ بہتر کرنے کی قابلیت آپ کے جسم میں گاجر ہضم کرنے کے عمل کو تیز اور بہتر کرتی ہے۔
آپ دونوں سبزیوں کو نمک، چینی ، لیموں یا دہی کے ساتھ ملا کر تناول فرما سکتے ہیں۔ گاجر آپ کے جسم کی اندر سے صفائی کرتی ہے جبکہ مولی میں اینٹی فنگل (جسم کے اندر فنگس والے انفیکشن کے خلاف ) خصوصیت ہوتی ہے، اس لیے دونوں کا امتزاج بہت پاورفل بن کے سامنے آتا ہے۔
کچی سبزیوں کے دیگر فوائد
جاپان میں لوگ سو سو سال تک زندہ رہتے ہیں اور انہیں موذی بیماریاں چھو کر نہیں گزرتیں۔ ہنز ہ اور وادی کشمیر میں بھی لوگ بغیر بیمار ہوئے عمر کی سینچر ی کر گزرتے ہیں۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ وہ لوگ قدرت کی عطا کردہ غذائیں کھاتے ہیں ، ان میں زیادہ تر پھل، کچی سبزیاں اور خشک میوے شامل ہیں اور وہ پروسیسڈ غذائوں سے بالکل نا بلد ہیں۔ عموماً وہاں آپ کو دل، ذیابطیس اور جوڑوں کے درد کے مریض نہیں ملتے۔
اسی طرح نیوزی لینڈ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ پھل اور سبزیاں کم کھاتے ہیں، ان میں ڈپریشن کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
18سے25سال کے چارسوافراد پر کی گئی ایک ریسرچ کے بعدماہرین کا کہناتھا کہ آپ گہری رنگت کے پتوں والی سبزیاں، کھیرا، کیوی، گاجر اور تازہ بیریز زیادہ سے زیادہ کھائیں کیونکہ ان سے جسم میں انفلیمیشن کم ہوتی ہے اور ذیابطیس جیسی بیماریاں دور رہتی ہیں۔
کارآمد مشورے
■ سبزیاں استعمال کرنے سے پہلے انہیں اچھی طرح دھولیں
■ جڑوں والی سبزیوں کو پانی میں سرکہ ڈال کر دھوئیں تاکہ چھپے ہوئے جراثیم ہٹ جائیں۔
■ پتوں والی سبزیاں جیسے لیٹس (Lettuce) اور اجوائن کے پتے (Celery) تقریباً ہر سبزی کے ساتھ استعمال ہوسکتے ہیں۔
■ تازگی ، ذائقہ اور غذائیت بڑھانے کیلئے آپ تازہ ہرب جیسے کہ کالی تلسی، اجوائن ، پودینہ ، پارسلے اور دھنیا استعمال کرسکتے ہیں۔
■ کھیرے دل و دماغ کو ٹھنڈک بخشتے اور ڈی ہائڈریشن سے دور رکھتے ہیں، انہیں اجوائن یا پودینے کے ساتھ استعمال کیا جاسکتاہے ۔