ملک میں گزشتہ 2 ماہ سے کرونا مثبت کیسز اور اموات کی شرح میں کمی دیکھی گئی تاہم گزشتہ ایک دن میں مزید 36 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ ایک ہزار 392 افراد میں کورونا کی تشخیص ہونے سے ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 22 ہزار سے زائد ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 338 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے ایک ہزار 392 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 22 ہزار 98 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 36 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 12 ہزار 896 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 81 ہزار365 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5لاکھ 46 ہزار 371 ہوگئی ہے۔