پولیس‘تعلیم اورخدمات فراہمی اداروں کے سٹاف کی ویکسی نیشن کا فیصلہ

پشاور:محکمہ صحت نے ہیلتھ ورکرز کے بعد شہریوں سے ہم وقت رابطہ میں رہنے والے شعبہ جات کو کورونا ویکسی نیشن میں فوقیت دینے کافیصلہ کیا ہے۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق پولیس‘ٹرانسپورٹ‘ریلوے‘محکمہ تعلیم‘ٹی ایم ایز‘پی آئی اے‘ضلعی انتظامیہ‘ڈبلیو ایس ایس پی‘پی ڈی اے اور دیگر ایسے ادارے جو شہریوں کو خدمات فراہم کرتے ہیں ان کی رجسٹریشن 8مارچ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جبکہ اسی تاریخ سے 65اور60سالہ شہریوں کی ویکسی نیشن بھی شروع کر دی جائے گی۔

حکام کے مطابق محکمہ صحت شہریوں کو خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی ویکسی نیشن میں سنجیدہ ہے کیونکہ یہ افراد بھی فرنٹ لائن پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق پیر 8مارچ سے ان اداروں کے افراد 1166پر شناختی کارڈنمبر بھیج کر رجسٹریشن کریں گے تاہم اس سے قبل ان اداروں کے سربراہان کا مراسلے ارسال کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے اہلکاروں کو تیار رہنے کا کہہ سکیں۔