کراچی: پنک پاکستان کی جانب سے بریسٹ کینسر جیسے موذی مرض سے آگاہی کے لیے ایک ایپ متعارف کرائی گئی ہے جس میں مرض سے متعلق اہم معلومات، ماہرین کا پینل اور مفت علاج کی سہولت موجود ہے۔
خواتین میں بریسٹ کینسر جیسے موذی مرض کی بروقت تشخیص کامیاب علاج کی ضمانت ہے لیکن اکثر خواتین کو اس مرض سے مکمل آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں کی شرح میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
بریسٹ کینسر بھی کینسر کی دیگر اقسام کی طرح ایک بیماری ہی ہے لیکن معاشرے میں اس کے بارے میں بات کرنے کو شجر ممنوعہ ہی سمجھا جاتا ہے اور کئی خواتین شرم یا جھجھک کے باعث بیماری سے متعلق کسی کو نہیں بتاتیں، یہاں تک کہ یہ مرض آخری اسٹیج تک پہنچ جاتا ہے۔
اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے خواتین کی صحت اور بالخصوص کینسر پر کام کرنے والے ’ دی پنک پاکستان‘ نے بریسٹ کینسر سے متعلق اپنی نوعیت کی ایک منفرد ایپلی کیشن متعارف کرائی ہے جو پاکستان کے طول و ارض میں رہنے والی خواتین کو نہ صرف مرض سے آگاہی بلکہ مفت علاج کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔
اس حوالے سے پنک پاکستان کی صدر ڈاکٹر زبیدہ قاضی کا کہنا تھا کہ بریسٹ کینسر سے صحت یابی کے لیے سب سے اہم بات مرض کی بروقت تشخیص ہے اس لیے ہماری پہلی ترجیح مریضوں کو بنیادی معلومات فراہم کرنا اور ازخود معائنہ کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔
انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر کے مطابق پاکستان میں صرف گزشتہ برس 25 ہزار 928 خواتین میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی جب کہ 13 ہزار 725 خواتین اس موذی مرض سے زندگی کی بازی ہار گئیں۔
یہ ایپ مقامی زبانوں میں دستیاب ہونے کی وجہ سے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے مفید ہے اور سب سے خاص بات یہ کہ ایپ خواتین کو بریسٹ کینسر کی ازخود تشخیص یا طریقہ کار سے اگاہی دیتی ہے۔