”لالہ! آپ قوم کا فخر ہو“ شاہین آفریدی کا شاہد آفریدی کے ٹوئٹ پر ردعمل 

لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے اپنی بیٹی کے لیے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا رشتہ آنے کی تصدیق کے بعد شاہین آفریدی کا رد عمل بھی سامنے آگیا ہے۔

 سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ ”شاہین کے اہل خانہ نے میری بیٹی کے رشتے کے لئے اہل خانہ سے رابطہ کیا۔


دونوں فیملیز اس وقت رابطے میں ہیں، جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں اور اگر اللہ تعالی کی رضا شامل ہوئی تو یہ جوڑا بھی بن جائے گا۔ میری دعائیں کرکٹ گراؤنڈ اور اس سے باہر شاہین کی مسلسل کامیابی کے لئے ہیں‘۔

شاہد آفریدی کے اس ٹویٹ کے جواب میں شاہین آفریدی نے ٹویٹ کیا کہ ’الحمدللہ، آپ کی دعاؤں کے لئے شکریہ لالہ۔


اللہ سبحانہ وتعالی سب کے لئے آسانیاں پیدا کرے، آپ پوری قوم کا فخر ہیں‘۔

شاہین آفریدی نے اپریل 2018ء میں پاکستان کے لئے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا اور دسمبر 2018ء  میں قومی ٹیم کے لئے ٹیسٹ میچ کیریئر کی شروعات کی تھی۔

 انہوں نے اب تک اپنے کیریئر میں شاندار باؤلنگ کے ذریعے کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کرلیے ہیں، وہ حال ہی میں 100 ٹی 20 وکٹیں مکمل کرنے والے کم عمر ترین باؤلر بنے ہیں۔