لاہور:آئی سی سی نے ورلڈکپ ٹی 20کا شیڈول بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے اور کہا ہے کہ دو طرفہ سیریز کروانے اور 16ممالک کے درمیان ٹورنامنٹ کروانے میں بہت فرق ہے۔
آئی سی سی کے سی ای او مانو سواہنی کا کہنا ہے کہ اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ چیزیں منصوبہ بندی کے مطابق نہ ہو پائیں، اب بھی غیر یقینی کی صورتحال موجود ہے اور ہر کوِئی اس سے نمٹنے کیلئے کوششیں کررہا ہے۔
دو طرفہ سیریز کروانے اور 16 ممالک کے درمیان ٹورنامنٹس کروانے کے معاملات میں بہت فرق ہے،آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں 16 ٹیموں کے پروٹوکولز بنانا بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں ہونے والی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے اور یہ بھی دیکھیں گے کہ بھارت میں آئی پی ایل کس انداز میں منعقد ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ رواں سال اکتوبر میں بھارت میں ہونے والا ہے جس کا فائنل 14 نومبر کو ہونا تھا۔
یہ ٹورنامنٹ پچھلے سال ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کی وبائی بیماری کے پھیلنے کے بعد اسے 2021ء تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔