لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی شائقین کیلیے بھارتی دروازے کھلنے کا امکان ہے۔
ویزوں کی وجہ سے پاکستان ویمن ٹیم کا دورئہ بھارت منسوخ ہو گیا تھا، اس بدمزگی کے بعد رواں سال اکتوبر، نومبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پی سی بی نہ صرف کرکٹرز اور معاون اسٹاف بلکہ صحافیوں و شائقین کیلیے بھی ویزوں کی یقین دہانی چاہتا ہے۔
گزشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین احسان مانی نے کہا تھا کہ اگر تحریری یقین دہانی نہ کروائی گئی تو ہم آئی سی سی سے میگا ایونٹ یواے ای منتقل کرنے کا مطالبہ کرنے میں حق منجانب ہوں گے، اتوار کو ایک بھارتی اخبارسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممبرز ایگریمنٹ کے تحت ویزوں کا اجرا میزبان بورڈ کی ذمہ داری ہے۔
اس ضمن میں آئی سی سی کی جانب سے خط لکھے جانے کے بعد اب بی سی سی آئی کی جانب سے جواب کا انتظار کیا جارہا ہے، بھارتی بورڈ ہمیشہ اپنی حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کا جواز پیش کرتا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق اب اس ضمن میں مثبت پیش رفت کاامکان ظاہر کیا جا رہا ہے.
گزشتہ دنوں سرحدوں پر فائر بندی کا معاہدہ ہونے کے بعد دونوں ملکوں میں سیاسی کشیدگی بھی کم ہوئی ہے،اس کے نتیجے میں ویزے جاری کیے جانے کے امکانات میں بھی اضافہ ہوگیا۔
بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے کہاکہ ویزوں کا اجرا حکومت کی صوابدید ہے، اگر اجازت مل گئی تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا،دوسری جانب یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کورونا وبا کی وجہ سے غیر معمولی حالات ہیں،ان حالات میں کوئی ملک شائقین کے ویزوں کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔