طبی ماہرین کے مطابق انسان کی خوراک میں پھلوں کا شامل ہوناضروری ہے کیونکہ قدرت کی یہ عطا کردہ نعمت مختلف صورتوں میںایک مکمل غذا ہے۔ پھلوں کو انسانی جسم نہ صرف بآسانی ہضم کرلیتا ہے بلکہ ان میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اجزاء جِلد کے خلیات کو خراب ہونے سے بھی بچاتے ہیں۔ اگرچہ تمام پھل صحت کے لیے بہترین ہیں لیکن مخصوص اوقات میں ان پھلوںکا استعمال ،انہیں جلد ہضم کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ توانائی بڑھانے کا کا م سرانجام دیتا ہے ۔
اینٹی آکسیڈنٹس اور فائٹونیوٹرینٹس سے بھرپور مختلف سائز، ساخت اور رنگ برنگے پھلوں کو کمبی نیشن کی صورت اپنی خوراک کا حصہ بنانے پر غور کریں۔ خاص طور پر صبح کے وقت ان ذائقہ دار اور غذائیت سے بھرپور پھلوں کو شامل کریں کیونکہ اس وقت ان پھلوں کا استعمال پورے دن آپ کو توانائی فراہم کرے گا۔
اینٹی انفلیمیٹری پلیٹ
اینٹی انفلیمیٹری ان غذاؤں کو کہا جاتا ہے جن میں زیادہ مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس، منرلز اور ضروری فیٹی ایسڈز پائے جاتے ہوں۔ یہ اجزاء جسم سے زخم، سوزش اور ورم کو ٹھیک کرنے کے لیے بہترین تصور کیے جاتے ہیں۔ آپ بھی صبح کے وقت اپنی پلیٹ میں اینٹی انفلیمیٹری پھلوں کو شامل کرکےان بیماریوں سے محفوظ رہ سکتےہیں۔
غذائیت سے بھر پور اینٹی انفلیمیٹری فروٹ کمبی نیشن پلیٹ کی تیاری کے لیےچیری،پائن ایپل ،بلیو بیری شامل کریں۔ یہ فروٹ وٹامن اے ،سی اور ای کا بہترین مجموعہ ہوتے ہیں۔ پائن ایپل میں وٹامن سی اور ایسے انزائم پائے جاتے ہیں جو غذائی نالی سے سوزش کم کرتے ہوئے مدافعتی نظام کو بہتر بنانے کے علاوہ پروٹین کو ہضم کرنے میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔
اینٹی آکسیڈنٹ پلیٹ
انجیر، انگور اور انار اینٹی آکسیڈنٹس اور بیماریوں سے لڑنے والے دیگر غذائی اجزاء پر مشتمل ہوتے ہیں۔یہ غذائی اجزاء خلیات کی مرمت کرنے اور انسانی جِلد کو کم عمر دکھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انار میں اینٹی آکسیڈنٹس اور جراثیم کش خوبیاں بھی پائی جاتی ہیں۔ یہ اجزاء بھی جِلد کی بہتری کے کام سرانجام دیتے ہیں۔
انجیر نہ صرف ایک ذائقہ دار پھل ہے بلکہ یہ مختلف منرلز،وٹامنز اور فائبرسے بھرپور غذاہے مثلاً وٹامن اے ،وٹامن بی ون،وٹامن بی ٹو، کیلشیم، آئرن، فاسفورس، میگنیز، سوڈیم، پوٹاشیم اور کلورائن وغیرہ انجیر میں پائے جاتے ہیں۔ صبح اتنے غذائی اجزاء کی موجودگی آ پ کو دن بھر تندرست وتوانا اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا کام سرانجام دیتی ہے۔
بیوٹی پلیٹ
خوبصورتی میں اضافے کی خواہش مند خواتین پپیتے، بلیک بیری اور خربوزے کو خوراک میں شامل کرکے اپنے حسن وشادابی میں اضافہ کرسکتی ہیں۔ یوں سمجھ لیں کہ صبح کے وقت لیے گئے یہ پھل آپ کو دن بھر خوبصورت اور حسین دکھانے کی تیاری کرتے ہیں۔
پپیتے کو حسن وخوبصورتی کا ذریعہ کہا جاتا ہے کیونکہ اس میںوٹامن اے اورپاپین انزائم پائے جاتےہیں۔ یہ انزائم کولیجن کی مقدار میں اضافہ کرتے ہوئے جِلد کے مردہ خلیوں کودوبارہ سرگرم کردیتے ہیں، جس سے وہ تازہ اورچمکدارلگنے لگتی ہے جبکہ یہ جِلد کو خشک ہونے سے بھی بچاتا ہے۔ ا س کے علاوہ آپ اپنی بیوٹی پلیٹ میں موسم گرما کے پھل خربوزے کو بھی شامل کرسکتی ہیں۔یہ آپ کی جِلد کی چمک میں اضافہ کرنے کے ساتھ اس کو رونق بنانے کا سبب بنتا ہے۔
انرجی پلیٹ
ورک آؤ ٹ کرنے کی تیاری ہو یا پھر ایک مشکل اور مصروف دن آپ کامنتظر ہو، آپ کو ضرورت ہے انرجی پلیٹ کی۔ اس کے لیے کیلے، ایواکاڈو اور سیب بطور فروٹ کمبی نیشن آپ کا انتخاب بن سکتے ہیں۔ یہ انرجی پلیٹ آپ کو کچھ ہی وقت میں دن بھر کے لیے توانائی فراہم کردے گی۔ ورک آؤٹ سے قبل کیلے کا استعمال بے حد فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ کیلے میںدیگر پھلوں کی نسبت چار گنا زیادہ پروٹین، دوگنا زیادہ کاربوہائیڈریٹ، تین گنا زیادہ فاسفورس، پانچ گنا زیادہ وٹامن اے، ساتھ ہی دیگر وٹامنز اور منرلز بھی دگنی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق صبح کے وقت کیلا کھانے والے طلبا نسبتاً بیدار مغز کے ساتھ سیکھنے کے عمل کا حصہ بنتے ہیں۔ دوسرا پھل ایواکاڈو ہےجس میں شامل صحت بخش چربی جسم میں دیر سے حل پذیر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صبح آپ اس پھل کو اپنی خوراک کا حصہ بناسکتے ہیں۔ سیب میں موجود فائبر بھی دن بھر آپ کو توانا رکھتاہے، لہٰذا ایک مصروف دن سے نمٹنے کے لیے آپ ان تین پھلوں کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
یہ تمام پھل فروٹ کومبو کی صورت آپ کی صحت کو بے شمارفوائدپہنچانے کا سبب بنتے ہیں۔ان میں موجود اینٹی انفلیمیٹری اور اینٹی آکسیڈنٹس خصوصیات ایک طرف آپ کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا باعث بنتی ہیں تو دوسری جانب جِلد کو شاداب اور چمکدار بنا کر آپ کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں۔