سویابین (جسے سوئےبین بھی کہاجاتاہے) کا تعلق مٹر کے خاندان سے ہے۔ یہ پھلی دار پودے کی ایک قسم ہے، جو دنیا بھر میں وسیع پیمانے پر کاشت کی جاتی ہے۔
سویا بین انسانی صحت کے لیے مفید غذاؤں میں سے ایک ہے۔ سویا بین کے فوائد سے متعلق تحقیق کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اب تک جمع شدہ حقائق کے تحت ماہرین سویا بین کوروزمرہ خوراک میں شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق سویا بین پر مبنی خوراک کااستعمال، صحت سے جڑے مسائل کا حل ہے، بالخصوص امراض قلب کا۔
کینسر کے خلاف مزاحمت
ایک امریکی یونیورسٹی کے ریسرچر ڈین پریٹ کا کہنا ہے کہ سویا بین میںاعلیٰ سطح کے اینٹی آکسیڈنٹ شامل ہوتے ہیں۔ امریکن انسٹیٹیوٹ آف کینسر ریسرچ کے مطابق سویا بین میں فائبر کی کثیر مقدار موجود ہوتی ہے، جوکہ انسانی جسم میں کولوریکٹل اور کولون کینسر کے خطرات کم کردیتی ہے۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ سویا بین میں پائے جانے والے Isoflavones (فائیٹوزٹروجن کی ایک قسم) اور پولی فینول مرکبات بھی کینسر سے محفوظ رکھتے ہیں۔
دل کی صحت
سویابین کوصحت بخش اور اَن سیچوریٹڈ فیٹس کا اہم ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے، جو جسم سے مجموعی کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد دیتاہے۔ اَن سیچوریٹڈ فیٹس آپ کو ایتھیروسلی روسس( دل کی بیماری جس میں ایک غیر لچکدار مادہ دل اور اس کی شریانوں پرجمع ہو جاتا ہے) سےمحفوظ رکھتاہے، یہ بیماری بآسانی ہارٹ اٹیک اوراسٹروکس جیسی جان لیوا بیماریوں کا سبب بن جاتی ہے۔ روزانہ25گرام سویا پروٹین دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرتی ہے۔