الرجی صرف جسم پر خارش کا نام نہیں بلکہ دوسری بیماریوں کی طرح انسانی جسم کو لگنے والی عام بیماریوں میں سے ایک ہے جوکہ جینیاتی خرابی کی وجہ سے قوت مدافعت کمزور پڑنے کے سبب ہوتی ہے۔
الرجی کی کئی اقسام ہیں جن کی نوعیت موسموں، خطوں اور خارجی مادوں کے لحاظ سے مختلف ہوسکتی ہے۔ الرجی کی چند عام اقسام میں گرمیوں کی الرجی، بہار کی الرجی، پرانی الرجی، پولن الرجی، ڈسٹ الرجی اور فوڈ الرجی وغیرہ شامل ہیں۔
فوڈ الرجی میں کھانے پینے کے ذریعے جسم میں کوئی ایسا پروٹین داخل ہوجاتا ہے جسے جسم قبول نہیں کرتا اور اس کا ردِ عمل ظاہر ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ مثال کے طور پر اکثر لوگوں کو انڈہ کھانے کے بعد الرجی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ بچوں میں پائی جانے والی فوڈ الرجی کی سب سے عام قسم مونگ پھلی سے ہونے والی الرجی ہے۔
فوڈ الرجی کی علامات میں سوجن، چیچک، متلی اور تھکاوٹ جیسی علامات شامل ہیں۔ کسی بھی شخص کو یہ سمجھنے میں وقت لگتا ہے کہ یہ رد عمل فوڈ الرجی کی وجہ سے ہے۔
اگر آپ کو بھی کسی غذا کے کھانے کے بعد شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو فوری طور پر معالج سے رابطہ کریں۔
فوڈ الرجی کے لیے اب تک کوئی علاج دریافت نہیں کیا جاسکا، لہٰذا احتیاطی تدبیر کے تحت الرجی کا باعث بنے والی خوراک متاثرہ شخص کو نہ دی جائے ۔