عجیب سی بات ہے کہ ہم گھر تو کنکریٹ سے بناتے ہیں لیکن کچھ حصہ پھول پودوں کے لیے مختص کرنا لازمی سمجھتے ہیں۔ اسی طرح مصروف زندگی سے وقت نکال کر ساحل سمندر، فارم ہاؤس یا کسی پارک وغیرہ کا رُخ کر تے ہیں۔ بارش ہوتی ہے تو قیمتی کپڑوں کی پروا کیے بغیر بھیگنے لگتے ہیں۔ یہ ہماری فطرت ہے، قدرت سےقربت ہماری جبلت میں ہے ، اسی لیے امیر سے امیر اور غریب سے غریب شخص قدرتی مناظر سے محظوظ ہوتاہے ۔
ماہرین نفسیات کے مطابق اگر بچوں کو قدرتی ماحول میں آزادانہ گھومنے پھرنے کا موقع ملے تو وہ زیادہ خوش رہتے، بہتر رویّہ اپناتے اور سماجی طور پر مربوط ہوتے ہیں۔ صرف بچے ہی نہیں بڑے بھی جانتے ہیں کہ قدرتی ماحول ان کیلئے بھی اچھا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ذہنی دباؤ سے جان چھڑانے کیلئے خوبصورت مناظر اور قدرتی مقامات کی طرف چل پڑتے ہیں۔
ایک سوال یہ بھی اٹھتا ہےکہ کیا اس کے صحت پر بھی اچھے اثرات پڑتے ہیں؟ برطانیہ میں اس سوال کا جواب حاصل کرنے کیلئے 19ہزار سے زائد افراد سے ایک سروے کیا گیا۔ تحقیق کرنے والوں کو پتہ چلا کہ جن لوگوں نے ایک ہفتے میںکم از کم 120منٹ قدرتی ماحول اور مناظر میں گزارے، ان کی ذہنی و جسمانی صحت میں، ایسے لوگوں کی نسبت بہت زیادہ بہتری دیکھنے میں آئی جو قدرتی ماحول میں وقت نہیں گزارتے تھے۔
ایک اور تحقیق کے مطابق جو لوگ قدرتی ماحول میں صرف پانچ منٹ ورزش کرتے ہیں، ان کی صحت پر عمدہ اثرات پڑتے ہیں جبکہ ان کے مزاج اور موڈ میں بھی بہتری آتی ہے۔ دراصل جب انسان قدرتی ماحول جیسے کہ جنگل، سمندر یا کسی بھی باغ میں جا کر بچہ بن جائے اور بچوں کی طرح بھاگے دوڑے ،چیزیں جمع کرے تو اس کی ساری تھکن، تنائو اور پریشانی سمندر کے پانی میں بہہ جاتی ہے یا ہوائوں میں شامل ہوکر دور چلی جاتی ہےاور اس طرح وہ اپنے آپ کو توانا، تازہ دم اور اعتماد سے بھرا ہوا پاتاہے۔
ضروری نہیں کہ آپ صرف ویک اینڈ پر ہی قدرتی ماحول میں دو گھنٹے گزاریں بلکہ آپ روزانہ چند منٹ ایسے ماحول میں گزارسکتے ہیں۔ ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ صبح کی نرم دھوپ میں چند منٹ گزارنا بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس عمل سے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی پوری ہوتی ہے، جو ہڈیوں اور پٹھوں وغیرہ کی صحت کے لئے بھی ضروری ہے۔ آجکل شہری آبادی کا بڑا حصہ تنگ و تاریک مکانوں اور فلیٹوں میں زندگی گزار رہا ہے ، جہاں دھوپ اور تازہ ہوا کا گزر مشکل سے ہوتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ان میں رہائش پذیر افراد بالخصوص خواتین میں بیماریوں کا تناسب بڑھتا جا رہا ہے۔ ان تمام افراد کو چاہیے کہ گھر سے باہر کسی پارک میں صبح کے وقت کچھ دیر بیٹھ کر تازہ ہوا اور دھوپ کی مدھم کرنوں سے لطف اندوز ہوں۔