سبزیوں کا استعمال صحت کیلئے انتہائی مفید

روزانہ سبزیوں کا استعمال تمام عمر کے لوگوں کے لیے نہایت مفید ہے،کیونکہ یہ فائبر، فولک ایسڈ، پوٹاشیم، معدنیات، وٹامنز اور دیگر کئی غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتی ہیں۔

سبزیوں میں کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بھی کم ہوتی ہے، اس وجہ سے یہ وزن کم کرنے میں بھی مفید ثابت ہوتی ہیں۔

دل کی صحت کے حوالے سے بھی سبزیوں کے بڑے فوائد ہیں، یہ دل کو تقویت بخش کر اسٹروک اور ہارٹ سے محفوظ رکھتی ہیں۔

بیماری کے دوران سبزیوں کے استعمال کی خاص طور پر تاکید کی جاتی ہے۔

پاکستان میں ہر طرح کی موسمی سبزیاں دستیاب ہیں۔ اچھی صحت کے لیے تازی اور سبز پتوں والی سبزیوں کی افادیت مسلمہ ہے۔

یوں تو سبزیاں پکانے کے کئی طریقے ہیں جیسے کہ بھوننا، بھاپ سے پکانا (اسٹیمنگ)، بیک کرنا، گرل کرنا وغیرہ۔ پکانے کے ان تمام طریقوں میں مسالوں کا انتخاب اور مناسب مقدار سبزیوں کو ذائقہ دار بناتا ہے۔

ہمارے یہاں سبزیوں کو بھون کر یا سالن میں پکا کر کھانا زیادہ مقبول ہے، تاہم اگر کسی سبزی کو زیادہ دیر تک پکایا جائے تو اس میں موجود حل پذیر وٹامنز (بی اور سی) کی مقدار خاصی کم ہو جاتی ہے جبکہ تیل کا بے جا استعمال بھی کیلوریز اور فیٹس میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ زیادہ پکانے کے باوجود بھی سبزیاں صحت کیلئے انتہائی مفید ہوتی ہیں۔