اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے عوام سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر خدارا عمل کریں۔
کورونا کیسز کی شرح 4.5 سے بڑھ کر 9 فیصد پر آ گئی ہے۔ کورونا صورتحال کو سنجیدہ لیا جائے۔
ہفتہ کو اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پچھلے چند دنوں میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے،کیسز بڑھنے سے ہیلتھ سسٹم پر دباؤ آجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز کا دباؤ اسلام آباد، پنجاب اور پشاور میں دکھائی دے رہا ہے۔
پنجاب کے شہروں میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، کورونا کے روکنے میں انتظامی ایکشن کمزور دکھائی دے رہا ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ ہجوم والی جگہ پر نہ جائیں، شادی بیاہ اوپن جگہ پر رکھیں، کورونا کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 5 فیصد سے بڑھ کر 9 اعشاریہ 5 فیصد پر آگئی ہے۔
معاونِ خصوصی نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، 70 سال کی عمر کے افراد قریبی سینٹر سے کورونا ویکسین لگواسکتے ہیں، یہ وقت ہے کہ تقریبات کو سادہ رکھا جائے، کم سے کم افراد شریک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ خریدی گئی کورونا ویکسین کی اضافی کھیپ اس ماہ کے آخر تک موصول ہوجائے گی