اسلام آباد: ڈریپ نے کورونا ویکسین کی قیمت کا تعین کردیا، روسی ساختہ ویکسین کی قیمت 8 ہزار 200 روپے سے 9 ہزار روپے کے درمیان رکھنے کی سفارش کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی قیمت کا تعین ڈریپ پرائسنگ بورڈ نے کیا، اس حوالے سے خصوصی اجلاس 19مارچ کو ہوا، جس میں روسی ساختہ ویکسین کی قیمت 8 ہزار 200 روپے سے 9 ہزار روپے کے درمیان رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ڈریپ کی جانب سے اسپٹنک فائیو ویکسین کی 2 خوراکوں کی قیمت کا تعین کیا گیا ہے، اس حوالے سے سفارشات وزارت صحت کو ارسال کردی گئی ہیں جہاں سے یہ سفارشات وفاقی کابینہ کو بھجوائی جائیں گی جس کے بعد کابینہ کی جانب سے ان کی منظوری دی جائے گی اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کراچی کی ادویات بنانے والی کمپنی نے روسی ساختہ کورونا ویکسین درآمد کی ہے، کمپنی کی جانب سے پہلے مرحلے میں ویکسین کی 50 ہزارخوراکیں منگوائی گئی ہیں۔