اسلام آباد:ملک بھر میں تیزی سے پھیلتی عالمی وبا کورونا وائرس کے کنٹرول کے لیے کل بروز پیر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن میں اضافے کا فیصلہ متوقع ہے۔
اجلاس میں امتحانات کے لیے کھلے سکولوں کو بند کرنے کی تجویز بھی این سی او سی کے سامنے رکھی جائے گی جبکہ جن سکولوں میں امتحانات جاری ہیں وہاں کی اکثریت میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں رپورٹ ہورہی ہیں۔
این او سی اجلاس میں سمارٹ لاک ڈاؤن میں اضافے کی تجویز پر غور کیا جائے گا، وفاق اور صوبوں میں کورونا کے پھیلاؤ کے علاقے کو ریڈ زون میں رکھنے کی تجویز پیش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ علاقوں میں سخت سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز بھی اجلاس میں زیر غور آئے گی جبکہ اسلام آباد میں دفعہ 188 لگانے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔
دفعہ 188 کے تحت کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں کو گرفتار کیا جاسکے گا، تجاویز پر حتمی فیصلہ این سی او سی کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔