کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 30 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 3 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 282 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 3 ہزار 301 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ اس طرح ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 36ہزار 849 ہوگئی ہے،جن میں 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 30 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 13 ہزار 965 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 37 ہزار 042 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 86 ہزار 228 ہوگئی ہے۔