عالمی تنظیم ’’گلوبل کولیشن آن ایجنگ‘‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ذہنی دباؤ یا تناؤ بڑھاپے کے عمل کو تیز کردیتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ذہنی دباؤ جسم میں روزانہ کارٹیسول ہارمون کا ایک ٹیکا لگنے کے مترادف ہے، جو نہ صرف مدافعتی نظام کو کمزور کر دیتا ہے بلکہ گردوں کی خرابی، سر درد اور آنتوں میں سوزش جیسی بیماریوں کے امکانات کو بھی بڑھا دیتا ہے۔
سیر و سیاحت کرنے والوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ ان کا یہ شوق انھیں ان مسائل سے دور رکھتا ہے اور اس کے مثبت اثرات قلیل مدت میں ہی نظر آنے لگتے ہیں۔
2012ء میں ایک گلوبل ٹریول ٹیکنالوجی کمپنی کی جانب سے ایک سروے میں500افراد کو شامل کیا گیا۔
سروے کے نتائج سے ظاہر ہواکہ تفریحی مقام پر پہنچ کر لوگوں کو پُرسکون محسوس کرنے میں صرف ایک سے دو دن درکار ہوتے ہیں۔
سرے یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق، محض سیرو سیاحت کی تیاری کر کے اور اس کے بارے میں سوچ کر ہی سفر کرنے والوں میں مثبت احساسات جاگ اُٹھتے ہیں اور وہ اپنی زندگی سے مطمئن ہو جاتے ہیں۔