مچھلی دماغی صحت کیلئے مفید غذا

عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ انسان کے دماغ کے کام کرنے کی صلاحیت بھی کم ہونے لگتی ہے۔ اگر آپ ہر عمر میں اپنے دماغی افعال کو بہتر رکھنا چاہتے ہیں تو اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کی خاص مقدار کو آپ کی غذا میں شامل ہونا ضروری ہے۔

طبی ماہرین ہفتے میں دو بار ڈی ایچ اے (اومیگا تھری کی قسم) کا حصول دماغی صحت کے لیے بہترین تصور کرتے ہیں۔ دوسری جانب مختلف مشاہدات سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ وہ افراد جو مچھلی کو باقاعدگی سے اپنی غذا میں شامل کرتے ہیں، ان میں عام افراد کی نسبت دماغی بیماریوں کا خطرہ کم پایا جاتا ہے۔

موجودہ دور میںڈپریشن ایک عام دماغی مرض بن گیا ہے، جو کہ اداسی، مزاج کی خرابی، افسردگی، توانائی کی کمی اور جسمانی سرگرمیوں میںدلچسپی نہ ہونے جیسے مسائل کا باعث بنتا ہے۔ ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد پر مشتمل مطالعے کے ذریعے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو افراد مچھلی کا استعمال باقاعدگی سے کرتے ہیں ان میں ڈپریشن کے خطرات عام افراد کی نسبت 17فیصد کم پائے جاتے ہیں۔

ڈپریشن سے محفوظ رہنے کی خاص وجہ مچھلی میں پائی جانے والی چربی کی مخصوص قسم یعنی اومیگا تھری فیٹی ایسڈ ہی ہے۔