کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 63 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ مثبت کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے اورگزشتہ ایک دن میں کورونا کے 4 ہزار368 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 418 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 4 ہزار 368 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ اس سے قبل گزشتہ برس جون میں کورونا کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا تھا اور سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہورہے تھے۔ جون 2020 کے بعد تقریباً 9 ماہ بعد آج ملک میں کورونا کے ایک دن میں سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 40 ہزار 120 ہوگئی ہے،جن میں ڈھائی ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 63 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 14 ہزار 091 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 45 ہزار 356 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 91 ہزار 145 ہوگئی ہے۔