اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 57 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ مثبت کیسز میں روز بروز تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے آج بھی کورونا کے ایک دن میں 4 ہزار767 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 656 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد ایک کروڑ 066 ہزار 72 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 767 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ برس جون میں پاکستان میں کورونا کی صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک تھی اور اُس دوران کورونا کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا تھا اور سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہورہے تھے۔
اس سے قبل 6 جون 2020 کو ایک دن میں سب سے زیادہ 4 ہزار 734 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 54 ہزار 591 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ64 ہزار 607 ، پنجاب میں 2 لاکھ 12 ہزار 918، خیبر پختونخوا میں 84 ہزار 609، اسلام آباد میں 55 ہزار 594، بلوچستان میں 19 ہزار 497، آزاد کشمیر میں 12 ہزار 367 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 999 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 44 ہزار 447 ہے۔ جب کہ 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 57 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 14 ہزار 215 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 647 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار929 ہوگئی ہے۔