کراچی:چیئرمین کورونا ٹاسک فورس ڈاکٹر عطا الرحمن نے انکشاف کیا ہے کہ وائر س تیزی سے ساخت تبدیل کررہا ہے، اس لیے ویکسین غیر موثر ہوسکتی ہے، کورونا کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔
حکومت کو چاہئے کہ پولیس کو چھڑیاں پکڑا دے اورجو ماسک کے بغیر نظر آئے اسے دو ڈنڈے ماریں۔
خصوصی گفتگو میں ڈاکٹر عطاالرحمن نے بتایاکہ کورونا وائرس ہردوسے تین ہفتے بعد شکل تبدیل کررہاہے،ویکسین مختلف اشکال کو کافی حد تک کور کر لیتی ہے۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگروائرس مسلسل شکل بدلتارہا توموجودہ ویکسین شاید کارآمد نہ رہیاور ہوسکتا ہے ہرسال نئی ویکسین بنانی پڑے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کودوسرے ممالک سے مل کر ویکسین بنانی چاہیے۔
ڈاکٹر عطالرحمن نے سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پر سختی سے عمل کرانے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کورونا کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے۔
صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے اور ہسپتال بھرتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نیا وائرس تیزی سے پھیل رہاہے اور تیزی سے اثر انداز ہورہا ہے، اس صورتحال میں شہریوں کو احتیاط اور ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت ہے۔
کرونا ٹاسک فورس کے سربراہ نے کہا حکومت کو چاہئے کہ پولیس کو چھڑیاں پکڑا دیں، جو ماسک کے بغیر نظر آئے اسے دو ڈنڈے لگائیں۔انھوں نے خبردار کیا کہ عوام کورونا صورتحال کوعام نہ سمجھیں اور سختی سے ہدایات پرعمل کریں۔