اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بزرگ شہریوں کی گھر پر کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سنٹر(این سی او سی)کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پنجاب اور اسلام آباد میں 80 سال سے زائد عمرکے شہریوں کی ویکسی نیشن گھر پر کی جائے گی۔
بزرگ شہریوں کی گھر پر کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ این سی او سی اجلاس میں کیا گیا ہے۔
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بزرگ شہریوں کی گھر پر کورونا ویکسی نیشن کیلئے باقی صوبوں کو بھی کہا گیا ہے۔
صوبے گھر پر ویکسی نیشن کا عمل اپنی سہولیات کو دیکھ کر کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 80 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی گھر پر ویکسی نیشن آئندہ 2 دن تک شروع کردی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان میں نوجوانوں کی ویکسی نیشن کا عمل مرحلہ وار شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
آئندہ ماہ ملک کی زیادہ سے زیادہ آبادی کو ویکسین کے عمل سے گزارا جائے گا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو میں حکومتی فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاو کیلئے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔
حکومتی منصوبے کے مطابق ویکسین کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور کورونا وائرس سے بچا کیلئے سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ منظم انداز میں ویکسین لگائی جا رہی ہے جبکہ حکومت شہریوں کیلئے ویکسین خرید بھی رہی ہے۔