رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت کا ایک اوراہم قدم 

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے رمضان میں عوام کو زیادہ سہولیات اور ریلیف کی فراہمی کے سلسلے میں ایک اور اہم قدم کے طور پر موبائل شاپس پروگرام متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 وزیر اعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایات پر صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں رمضان سستا موبائل شاپس متعارف کئے جائیں گے۔ 

پروگرام کے تحت شہر اور گردونواح میں لوگوں کو گھروں کی دہلیز پر پھل اور سبزیاں فراہم کی جائیں گی۔

 پھل اور سبزیاں منڈی کی قیمتوں سے بھی کم قیمت پر فراہم کی جائیں گی۔

 اس مقصد کے لئے مقامی رکشوں اور دیگر ہلکی گاڑیوں کو خصوصی طور پر تیار کیا جائے گا۔ ان رکشوں اور دیگر گاڑیوں کی خصوصی برانڈنگ کے علاوہ ان کی جیو ٹیگنگ بھی کی جائے گی۔

 یہ گاڑیاں منڈی سے براہ راست سبزیاں اور پھل اٹھائیں گی جس میں آڑھتی وغیرہ کا کوئی کردار نہیں ہوگا اس طرح لوگوں کو پھل اور سبزیاں منڈی کی قیمت سے بھی کم قیمت پر فراہم ہونگی۔