کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 118 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے 5 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 64 ہزار 685 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 5 ہزار 395 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 77 ہزار 294 ہوگئی۔ جبکہ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 118 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 15 ہزار 872 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 39 ہزار 818 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 46 ہزار 652 ہوگئی ہے۔