زیادہ مؤثر اور سستی کورونا ویکسین آنیوالی ہے

واشنگٹن: امریکا میں زیادہ مؤثر اور انتہائی کم قیمت ویکسین تیار کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا میں نہایت کم قیمت ویکسین کی تیاری جاری ہے، یہ کرونا ویکسین تجرباتی مرحلے میں ہے، اس کی قیمت انتہائی کم ہوگی تاہم یہ کرونا کی زیادہ تر اقسام کے خلاف بھرپور مزاحمت فراہم کرے گی۔

اس یونی ورسل کو وِڈ ویکسین پر امریکا کی ورجینیا یونی ورسٹی کے ماہرین کام کر رہے ہیں، یہ ویکسین کرونا کے اسپائیک پروٹین کو ہدف بنائے گی، جو کہ تمام اقسام کے کرونا وائرسز میں عام ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ اس کرونا ویکسین کی ایک خوراک کی قیمت ایک ڈالر سے بھی کم ہو سکتی ہے۔

جانوروں پر اس یونی ورسل ویکسین کے تجربات کے نتائج بھی ایک طبی جریدے پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع کیے جا چکے ہیں، جس کے مطابق یہ ویکسین لینے والے جانوروں میں کو وِڈ اور ہیضے کا باعث بننے والے 2 قسم کے وائرسز سے تحفظ ملا۔

چوں کہ یہ دونوں کرونا وائرس کسی حد تک ایک جیسے ہیں اس لیے محققین کا کہنا تھا کہ اس ویکسین سے کرونا کی مختلف اقسام سے تحفظ فراہم ہو سکے گا۔ کو وِڈ 19 کے علاوہ دیگر کرونا وائرسز دنیا بھر میں 25 فی صد نزلہ زکام کے کیسز کا باعث بنتے ہیں، محققین ان سب کی روک تھام کے لیے اس یونی ورسل ویکسین پر کام کر رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ویکسین ایک جینیاتی طور پر تدوین شدہ بیکٹیریا پر مبنی ہے جس کی بڑے پیمانے پر تیاری کی لاگت موجودہ کرونا ویکسینز کے مقابلے میں بہت کم ہوگی، اس لیے اس ویکسین کی قیمت بہت کم ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ایم آر این اے کو وِڈ ویکسینز کی موجودہ لاگت 10 ڈالرز فی خوراک ہے، جس کے باعث ترقی پذیر ممالک کے لیے ان کا استعمال آسان نہیں ہے، بیکٹیریا پر مبنی مختلف امراض کی روک تھام کے لیے بننے والی ویکسینز کی ایک خوراک کی قیمت ایک ڈالر سے بھی کم ہوتی ہے۔