ملک میں کورونا سے ایک روز میں اموات پہلی بار 200 سے متجاوز

کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  مزید 201 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے 5 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 101 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 5 ہزار 292 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق  کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 88 ہزار 207 ہوگئی جبکہ 5 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

 سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 201 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 17 ہزار 530 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 10 ہزار 231 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 4 ہزار 494 ہوگئی ہے۔